بھٹکل 23/اگست (ایس او نیوز)گذشتہ کئی سالوں سے انجمن ویمن کالج کی طالبات امتیازی کامیابی درج کرتی ہوئی یونیورسٹی رینک حاصل کرتی رہی ہیں، مگر اِس بار انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپوٹر اپلیکیشن (AIMCA) کالج کی تین طالبات کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کے ٹاپ ٹین رینک ہولڈروں میں اپنے نام شامل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کی طرف سے جاری کی گئی لسٹ کے مطابق اگست 2022 میں ہوئے بی بی اے امتحان میں ٹاپ ٹین رینک ہولڈروں میں صرف چار مسلم نام ہیں جس میں تین طالبات بھٹکل انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپوٹر اپلیکشن(AIMCA) کی ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ پوری کرناٹک یوینورسٹی میں انجمن کی ہی طالبہ عائشہ روفی Aysha Rufi بنت جمیل حُسین فکردے 94.95 فیصد مارکس کے ساتھ اول رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ بھٹکل انجمن کی ہی وسِیرا (Wasira) بنت عبدالجبار شینگیٹی نے 91.69 فیصد مارکس کے ساتھ آٹھواں رینک اور ایفیٰ (Eifa) بنت حبیب اللہ سدی باپا نے 91.67 فیصد مارکس کے ساتھ دسواں رینک پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ یونیورسٹی رینک پانے والی ایک اور مسلم طالبہ دھارواڑ کالج کی امرین بانو بنت مُنیر احمد خطیب ہیں جس نے94.03 فیصد مارکس کے ساتھ سکینڈ رینک پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
بتاتے چلیں کہ کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ سے جملہ 266 کالجسAffiliated( وابستہ) ہیں، جس میں دھارواڑ سے 115، گدگ سے 57، ہاویری سے 40 اورضلع اُترکنڑا کی 54 کالجس شامل ہیں۔ ان تمام کالجس کے دس پندرہ ہزار اسٹوڈینٹس میں سے بھٹکل کی تین طالبات کا رینک حاصل کرنا گویا انجمن کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر جناب محمد مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری سمیت قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کےصدر عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، دبئی سے قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر عمر فاروق مصباح، سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری، انڈین نوائط فورم کے صدر ایس ایم ارشد ، جنرل سکریٹری نعمان پٹیل، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی، سمیت کافی دیگر ذمہ داران نے تینوں طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہیں اور مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کرنے ،دلی خواہشات اور نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ سماجی اداروں کے ذمہ داران نے انجمن انتظامیہ سمیت کالج پرنسپال اور تمام پروفیسرس کو بھی اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام ٹیچنگ اسٹاف کی خدمات کی بھی ستائش کی ہے۔