گاندھی نگر،11؍ دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) گجرات میں مسلسل ساتویں بار انتخابات جیتنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب پیر (12 دسمبر) کو منعقد ہوگی، جہاں بھوپیندر پٹیل مسلسل دوسری میعاد کے لئے گجرات کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیں گے۔
گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل کی قیادت میں پارٹی کی کور کمیٹی نے ہفتہ کو گورنر آچاریہ دیوورت سے یہاں راج بھون میں ملاقات کی اور باضابطہ طور پر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ رسمی معلومات کے خط میں کہا گیا ہے کہ نومنتخب ایم ایل اے بھوپیندر بھائی رجنی کانت پٹیل کو متفقہ طور پر ریاست میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 182 میں سے 156 سیٹیں جیت کر ریکارڈ مینڈیٹ حاصل کیا تھا۔ جس کے بعد گجرات کے گورنر آچاریہ دیورت نے انہیں پیر کودوپہر دو بجے گجرات کے 18 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کی دعوت دی۔