بنگلورو 23 / دسمبر (ایس او نیوز) بنگلورو شہر میں الیکٹرک بل ادائیگی کے نام پر سافٹ ویئر اور ایپ کے ذریعہ لوگوں کے کھاتے سے رقم اڑانے کے معاملے پھر شروع ہوگئے ہیں ۔ تازہ معاملہ میں چامراج پیٹ کے اروند کمار نامی ایک بزنس مین نے بنگلورو ویسٹ ڈیویژن سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرتے ہوئے بتایا ہے کہ الیکٹرک بل کی آن لائن ادائیگی کے نام پر سافٹ ویئر ڈاون لوڈ کروانے کے بعد دھوکہ بازوں نے اس کے کھاتے سے 4.9 لاکھ روپے اڑائے ہیں ۔
شکایت میں بتائی گئی تفصیل کے مطابق کسی نے بیسکام افسر کے روپ میں اروند کمار کو فون کرکے دھمکی دی کہ بجلی کا بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے فوری طور پر ان کا بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جائے گا ۔ اروند کمار نے جب اس مسئلہ کا حل پوچھا تو اسے 'ٹیم ویئر' اور 'کوئک سپورٹ' موبائل ایپ ڈاون لوڈ کرکے بل ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ جیسے ہی کمار نے اپنے موبائل پر یہ ایپ ڈاون لوڈ کیا جعل سازوں نے اس کے بینک کھاتے کی تفصیلات تک رسائی حاصل کرلی اور دیکھتے ہی دیکھتے رقم جعلسازوں کے کھاتے میں منتقل ہوگئی ۔
اروند کمار نے اپنے کھاتے سے دوسرے کھاتے میں رقم منتقل ہونے کی جو تفصیلات پولیس کے پاس پیش کی ہیں اس کی بنیاد پر معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
اسی طرح دھوکہ بازی کرتے ہوئے تین چار دن قبل واٹر ریسورسز ڈپارٹمنٹ کے ایڈوائزر ایم بنگارا سوامی کے کھاتے سے بھی 99,500 روپے اڑائے جانے کی بھی شکایت درج ہوئی ہے ۔ خاص بات یہ ہے کہ بنگارا سوامی نے سافٹ ویئر یا ایپ ڈاون لوڈ نہیں کیا تھا بلکہ اسے بجلی کنکشن کاٹنے کی دھمکی دینے والا فون موصول ہوا تھا جس پر بات چیت کرتے وقت ہی جعلسازوں نے ان کے بینک کھاتے سے رقم منتقل کروالی ۔
خیال رہے کہ پچھلے کچھ مہینے قبل اس طرح کے معاملے سامنے آنے کے بعد سائبر کرائم پولیس اور بیسکام کے افسران نے عوام کو خبردار کیا تھا کہ اس طرح فوری بل ادا نہ کرنے پر بجلی کاٹنے کے بارے میں فون کال یا ٹیکسٹ میسیج ملنے پر کوئی توجہ نہ دیں اور اسے بالکل نظر انداز کردیں کیونکہ محکمہ کی طرف سے اس طرح کے فون کال یا میسیج بھیجنے نہیں جاتے ۔