بنگلورو 4/اپریل (ایس او نیوز): بنگلورو انٹرنیشنل ائرپورٹ اوردیونہلی کے آس پاس کے مضافاتی علاقوں میں منگل کوموسلادھار بارش اور خراب موسم کے نتیجے میں 14 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا اور کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چھ روانگیوں میں تاخیر ہوئی۔
پی ٹی آئی خبررساں ایجنسی کےمطابق ہوائی اڈے کے ایک اہلکارنے بتایا کہ، 4.05pm سے 4.51pm کے درمیان تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور بجلی گرنے سے فلائٹ آپریشن متاثر ہوئی ہے۔ "مجموعی طور پر 14 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا جس میں سات انڈیگو فلائٹس، تین وِستارا، دو آکاسا ایئرلائنز اورگوایئر اور ایئرانڈیا کی ایک ایک پروازشامل ہیں جس میں 12 فلائٹس کو چنئی، ایک کوئمبتور اور ایک کو حیدرآباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ جبکہ چھ روانگیوں میں تاخیر ہوئی۔ اہلکار نے مزید کہا کہ دیر شام کوائرپورٹ کی معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا، "چنئی کی طرف موڑ دی گئی پروازوں میں ایندھن بھرا جا رہا ہے اور وہ جلد ہی بنگلورو واپس آجائیں گی۔"
محکمہ موسمیات کے مطابق، دیوناہلی میں KIA میں منگل کی شام 45.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے دیوناہلی میں ٹریفک ٹھپ ہو کر رہ گئی اور عام زندگی مفلوج ہو کررہ گئی۔ دوسری جانب بنگلور شہر کے وسطی علاقے میں بارش نہیں ہوئی۔