ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بغاوت کے بعد آشیرواد کی تمنّا، اجیت کی پوار سے ملاقات، ہلچل تیز۔این سی پی کو توڑنے کے بعد اجیت پوار نے شرد پوار سے اسے متحد رکھنے کی اپیل

بغاوت کے بعد آشیرواد کی تمنّا، اجیت کی پوار سے ملاقات، ہلچل تیز۔این سی پی کو توڑنے کے بعد اجیت پوار نے شرد پوار سے اسے متحد رکھنے کی اپیل

Mon, 17 Jul 2023 12:09:10    S.O. News Service

ممبئی، 17/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) اتوار کو مہاراشٹر کی سیاست میں ایک اور ڈراما دیکھنے ملا۔ شرد پوار کو معمر قرار دیکر سیاست سے کنارا کشی اختیار کرنے کا مشورہ دینے  اور بغاوت کرکے این سی پی کو دو حصوں میں تقسیم کردینے والے اجیت پوار اچانک  اپنی ٹیم کے ساتھ شردپوار کاآشیرواد لینے وائی بی چوہان سینٹر پہنچ گئے ۔ اجیت پوار اوران کے ساتھ دیگر باغی لیڈر جو شندے سرکار میں وزیر بن چکے ہیں،  کے وہاں پہنچنے کےبعد شرد پوار کی جانب سے آناً فاناً   این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل  اور سینئر لیڈر جتیندر اوہاڑ کو  بلایا گیاجس کے بعد  ایک اور سیاسی  زلزلے کی خبریں گشت کرنے لگیں لیکن  پرفل پٹیل نے واضح کیا کہ پیر ۱۷؍ جولائی سے مہاراشٹر حکومت کا مانسون اجلاس شروع ہونے  والا ہے، اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار او ر دیگر وزرا  اپنے  ’دیوتا‘شرد پوارکا آشیرواد لینے آئے تھے۔ 

 جینت پاٹل نے واضح کیا ہے کہ اجیت پوار دیگر باغی لیڈروں کے ساتھ شرد پوار سے ملنے اچانک پہنچ گئے تھے۔  شرد پوار نے ان لیڈروں کی   باتیں سنیںمگرکچھ  بولے نہیں۔

  شرد پوار سے ملاقات  کے بعد اجیت پوار اور این سی پی کے کار گزارصدرپرفل پٹیل دیگر اراکین کے ساتھ وائی بی چوان اسٹیڈیم سے باہر نکلے توانہیں میڈیانے گھیر لیا۔  پرفل پٹیل  نے  بتایا کہ ’’اپنے لیڈر شرد پوار سے ملاقات کرنے کیلئے پہلے ان کی رہائش گاہ  پر گئے تھے۔ وہاں پتہ چلا کہ شرد پوار صاحب  یشونت راؤچوہان سینٹر پر ہیں توہم سب یہاں پہنچ گئے۔‘‘ انہوں  نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ شرد پوار سے ملاقات کا وقت لئے بغیر پہنچے تھے۔ شرد پوار سے’ آشیرواد‘ لینے کیلئے پہنچنے والوں میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ،  چھگن بھجبل،دلیپ پاٹل، حسن مشرف،دھننجے منڈے،   ادیتی تٹکرے،سنیل تٹکرے،  ڈپٹی اسپیکر نرہری جرواڈ اور دیگر لیڈر شامل تھے۔‘

 انہوں نے مزید کہاکہ’’ شرد پوار ہمارے ’دیوتا‘  اور  قائد ہیں۔ ہم نےشرد پوار سے آشیرواد مانگا ہے اور ان سے درخواست بھی کی ہے کہ راشٹر وادی کانگریس پارٹی ( این سی پی)کو متحد رکھنے اور  مضبوطی سے آگے کام کرنے  کے  بارے میں  غور و خوض کریں۔‘‘پرفل پٹیل  نے یہ بتایا کہ وہ ان  کے ساتھیوں نے شرد پوار کے سامنے اپنی باتیں  رکھیں جنہیں سینئر لیڈر نے سنا بھی مگر جواب میں  ایک لفظ بھی نہیں بولے۔   قانون ساز کونسل میں این سی پی  کے گروپ لیڈر ایکناتھ کھڑسے  نے بھی تصدیق کی کہ’’ شرد پوار نے باغی لیڈروں کی بات کا کوئی  جواب نہیں دیا ہے۔‘‘

 ا س ضمن میں چہ میگوئیوں پر بی جے پی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس  نے کہا کہ ’’ شرد پوار برسوں سے ان کے قائد رہے ہیں اور اگر اجیت پوار اور دیگر لیڈر  ان سے ملاقات کرتے ہیں تو میرے خیال میں اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔‘‘ 


Share: