ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈیشہ کے رائے گڑھ میں زیر تعمیر نالے کی چھت منہدم، 4 بچوں سمیت 5 افراد کی موت

اڈیشہ کے رائے گڑھ میں زیر تعمیر نالے کی چھت منہدم، 4 بچوں سمیت 5 افراد کی موت

Mon, 31 Jul 2023 23:11:11    S.O. News Service

رائے گڑھ، 31/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) اڈیشہ کے رائے گڑھ ضلع میں پیر کو ایک نالے کے اوپر  زیر تعمیر چھت  اچانک منہدم ہو جانے سے چار بچوں سمیت پانچ لوگوں کی موت  واقع ہو گئی۔ حادثے کا شکار  سبھی لوگ نالے  کے پاس جمع بارش کے پانی میں نہا رہے تھے کہ تبھی زیر تعمیر چھت  اچانک  گرگئی۔  خاص بات یہ ہے کہ پل کی تعمیر دیہی ترقیاتی محکمہ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ واقعہ رائے گڑھ ضلع کے کلیان سنگھ پور بلاک میں صبح تقریباً 11 بجے ہوا،  واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ  کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔

اڈیشہ کے وزیر قانون جگن ناتھ ساراکا، مقامی رکن اسمبلی مکرند مودولی اور رائے گڑھ کے ایس پی وویکانند شرما نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ رکن اسمبلی نے اسے بے حد افسوسناک واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ حادثے کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف ضروری کارروائی کی جانی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے حادثہ میں لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہر مہلوک کے کنبہ کے لیے چار لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے کے لیے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی حکم صادر کیا ہے۔


Share: