ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : نفرت انگیز تقاریر کرنے والے وی ایچ پی ، بی جے پی لیڈران پر کیس درج 

اڈپی : نفرت انگیز تقاریر کرنے والے وی ایچ پی ، بی جے پی لیڈران پر کیس درج 

Fri, 04 Aug 2023 23:38:46    S.O. News Service

اڈپی،4/ اگست (ایس او نیوز) کالج واش روم ویڈیو گرافی معاملہ پر احتجاجی پروگرام کے دوران نفرت انگیز اور جذبات بھڑکانے والی تقاریر کرنے پر پولیس نے وی ایچ پی اور بی جے پی لیڈران پر از خود کیس درج کیا ہے۔ 
    
یاد رہے کہ کل کرشنا مٹھ کے راج آنگن پارکنگ ایریا میں وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ نے شہر کے ایک کالج میں پیش آئے واش روم ویڈیو گرافی معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی جلسہ منعقد کیا تھا ۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وی ایچ پی لیڈر شرن پمپ ویل اور دنیش مینڈون نے اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں ۔ سٹی پولیس نے ان کے خلاف از خود کارروائی کرتے ہوئے کیس درج کیا۔
    
اس اجلاس میں شرن پمپ ویل نے کہا تھا :" ہندو سماج کے محافظوں کی حیثیت سے ہم جہادی چڑیلوں کا منھ توڑ جواب دیں گے ۔ اس طرح کے حملے آج سے ہی بند ہونے چاہئیں ۔ ہندو ماوں کو جاگنا اٹھنا چاہیے ۔ چمچے تھامنے والے ہاتھوں میں ہتھیار ہونے چاہئیں ۔ جب بھی نا انصافی ہوجائے تو ہمیں تلواریں اٹھانے کے لئے تیار رہنا چاہیے ۔" کچھ اسی قسم کی اشتعال انگیز باتیں دنیش مینڈون نے بھی کہی تھی۔ 
    
 منافرت بھری تقاریر کے خلاف کارروائی کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس پروگرام میں سیکیوریٹی کے فرائض انجام دینے والے ایک افسر نے  از خود کیس درج کروایا ہے۔ 
    
اس کے علاوہ 28 / جولائی کو اڈپی ضلع بی جے پی کی طرف سے اسی مسئلہ پر مذمتی اجلاس میں بی جے پی مہیلا مورچہ کی وینا شیٹی نے جو نفرت انگیز بیان دیا تھا اس تعلق سے بھی کیس درج کیا گیا ۔ وینا نے کہا تھا  : " کسی بھی مسلم لڑکی کو اسکولوں اور کالجوں میں داخلہ نہیں دینا چاہیے ۔ انہیں چاہیے تو وہ لوگ مدرسہ میں جانے دو ۔ " وینا شیٹی پر ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


Share: