گوہاٹی، 15/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) آسام کے موریگاؤں ضلع میں منگل کو یومِ آزادی پریڈ کے دوران پریڈ میں حصہ لے رہے تقریباً 22 بچے شدید گرمی کے وجہ سے بیہوش ہو کر گر گئے۔ ضلع انتظامیہ کے ایک افسر کے مطابق واقعہ کے وقت بچے پریڈ مارچ میں حصہ لے رہے تھے۔ اس دوران کمشنر کی تقریر چل رہی تھی جس کے دوران بچے بے ہوش ہوکر گرنے کی واردات پیش آئی۔
ذرائع کے مطابق پروگرام کے مہمانِ خصوصی ضلع کمشنر دیواشیش شرما تقریر کر رہے تھے۔ اس دوران کافی دیر سے سخت دھوپ اور شدید گرمی میں کھڑے کئی بچے پریشان ہو گئے اور غش کھا کر وہیں گر گئے اور بیہوش ہو گئے۔ ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ کے فوراً بعد آناً فاناً میں سبھی متاثرہ بچوں کو موریگاؤں سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ افسر نے بتایا کہ طلبا کو فی الحال اسپتال میں علاج مل رہا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔
اس درمیان بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ایمبولنس وہاں موجود نہیں تھا اور بیشتر بچوں کو انھوں نے ہی اٹھا کر اسپتال پہنچایا۔ رپورٹ کے مطابق جائے تقریب پر سخت دھوپ سے بچنے کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا تھا، اور نہ ہی پینے کا پانی ہی دستیاب تھا۔ اسی وجہ سے بچوں کی طبیعت بگڑ گئی۔