اترکاشی، 6؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) یمنا وادی میں مسافروں سے بھری بس گہری کھائی میں جا گرنے سے 26 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ اتوار کی شام قریب سات بجے پیش آیا جب مسافروں کو لے جا رہی بس یمانوتری قومی شاہراہ پر ڈمٹا کے مقام پر پیش آیا جو ہماچل-اتراکھنڈ کی سرحد کے قریب کا علاقہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بس 250 میٹر گہری کھائی میں گرگئی ۔ بس پر سوار تمام مسافر یمونوتری میں درشن کر نے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ ۔ بس پر ڈرائیور اور آپریٹر سمیت 30 افراد سوار تھے جن میں سے 26 کی موت ہو گئی ، دیگر چار افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف کے جوانوں کو امدادی کاموں کے لیے موقع پر تعینات کر دیا گیا تھا۔ ایس پی ارپن یدھوونشی نے بتایا کہ یہ حادثہ ڈمٹا سے نوگاؤں کی طرف تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، بس میں سوار مسافر مدھیہ پردیش کے ضلع پننا کے رہنے والے ہیں۔ چار افراد جو شدید زخمی بتائے گئے ہیں، علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔