ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتراکھنڈ سمیت پانچ ریاستوں میں شدید بارش ، چاردنوں میں 100 اموات

اتراکھنڈ سمیت پانچ ریاستوں میں شدید بارش ، چاردنوں میں 100 اموات

Thu, 13 Jul 2023 10:14:17    S.O. News Service

نئی دہلی، 13/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی)  اتراکھنڈ، دہلی، یوپی، پنجاب اور ہریانہ میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے گزشتہ 4 دنوں میں ملک کی مختلف ریاستوں میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 8 جولائی سے ہماچل پردیش میں 36، یوپی میں 34، جموں و کشمیر میں 15، اتراکھنڈ میں 9، دہلی میں 5 اور راجستھان، مہاراشٹرا اور ہریانہ میں ایک ایک موت کی اطلاع ملی ہے۔ ہماچل میں 10,000 سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔ چندرتل میں 3 فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔ ریسکیو میں 6 ہیلی کاپٹر لگائے گئے ہیں۔ کولّو میں بیاس ندی کے بہاؤ سے سنج بازار کا صرف آدھا حصہ بہہ گیا۔ اتراکھنڈ میں آج بارش کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

گنگوتری اور یمونوتری قومی شاہراہیں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہیں۔ یہاں 3 سے 5 ہزار لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ دہلی کے اولڈ ریلوے پل پر یمنا ندی کی سطح 207.2 میٹر کو عبور کر گئی۔ ہریانہ کے ہتھینی کنڈ بیراج سے 3.21 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے سے دارالحکومت میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اتراکھنڈ میں شدید بارش کی وجہ سے کیدارناتھ یاترا روک دی گئی۔ ہماچل کے چندرتل میں 250 سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔ سی ایم سکھو نے کہا ہے کہ اگر بارش 8 گھنٹے تک رکی تو سب کو بچا لیا جائے گا۔ سولن میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر دو مہاجر مزدوروں کی موت ہو گئی۔

اس کے ساتھ ہی چندی گڑھ-شملہ اور چندی گڑھ منالی قومی شاہراہوں کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ ہریدوار کے تبڈی میں ریل کی پٹری ٹوٹنے سے کئی ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی کا چانکیہ پوری علاقہ سیلاب کی زد میں آگیا۔ کچھ سفارت کاروں اور اعلیٰ افسران کے گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔ ہریانہ کے 9 اضلاع کے 600 گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ امبالہ کا 40 فیصد حصہ زیر آب ہے۔ چندی گڑھ امبالہ ہائی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی امبالہ-کیتھل-ہسار قومی شاہراہ ابھی تک بند ہے۔

ان ریاستوں میں موسلادھار بارش ہوگی: مدھیہ پردیش، ہماچل، اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، سکم، مغربی بنگال، آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، میزورم، منی پور، تریپورہ، گوا، کرناٹک، کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور جھارکھنڈ۔ ان ریاستوں میں ہلکی بارش ہوگی: راجستھان، جموں و کشمیر، پنجاب، ہریانہ، دہلی، گجرات، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، اڈیشہ اور تمل ناڈو میں بجلی گرنے کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔


Share: