ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں 945پولیس سب انسپکٹروں کی بھرتی کا عمل جلد شروع ہو گا:وزیر داخلہ پرمیشور

کرناٹک میں 945پولیس سب انسپکٹروں کی بھرتی کا عمل جلد شروع ہو گا:وزیر داخلہ پرمیشور

Mon, 17 Jul 2023 11:45:44    S.O. News Service

بینگلورو، 17/جولائی (ایس او نیوز) وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ کرناٹک پولیس فورس میں پولیس انسپکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 545کے ساتھ مزید 400انسپکٹروں کی بھرتی جلد ہی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 545پولیس انسپکٹروں کی بھرتی کے عمل اور اس سے جڑے امتحان میں ہوئی مبینہ دھاندلیوں کی عدالتی جانچ کی مانگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس معاملہ کی جانچ چل رہی ہے اور جانچ کے کسی مرحلہ میں عدم اطمینان کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا۔ اگر ضرورت پڑی توعدالتی جانچ کی ضرورت پر بھی غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے کوشاں تھی کہ دھاندلیوں کے تنازعہ کو سرے سے ختم کرنے کے لئے دوبارہ امتحان کروایا جائے۔لیکن اس کے لئے حکومت عدالت کے فیصلہ اور حکم کے انتظار میں ہے۔ اس بارے میں حکومت نے عدالت کو اپنی رائے سے واقف کروادیا ہے۔ ایک بند لفافے میں عدالت کو اس بارے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ عدالت کی طرف سے اس موضوع پر جو بھی فیصلہ آئے گا اس کا حکومت کو انتظار ہے۔ فیصلہ آنے کے بعد حکومت اس بارے میں واضح موقف اپنا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کا موقف تھا کہ 545پولیس انسپکٹروں کی بھرتی کے لئے دوبارہ امتحان کروایا جائے۔ریاستی حکومت نے اس بارے میں جو حکم نامہ جاری کیا تھا اس کے خلاف ہائی کور ٹ سے رجوع کر کے اسٹے حاصل کر لیا ہے۔عدالت کی طرف سے اس معاملہ میں جو بھی ہدایت دی جائے گی، اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

بینگلورو میں یوا برگیڈ کے کارکن کے قتل کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کیس سے جڑے ملزمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے،پولیس اس معاملے میں پوری دیانتداری سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں یہ الزام بے بنیاد ہے کہ ضلع کے انچارج وزیر کی طرف سے مداخلت کی گئی۔

بنگلورو میں ہونے والی قومی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 9سال سے مرکز میں برسر اقتدار مودی حکومت نے ملک کی ترقی کو مفلوج کر رکھا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کے بہانے سے بی جے پی ملک بھر میں خوف و دہشت کا ماحول عام کر کے ایک بار پھر سیاسی فائدہ بٹورنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ایسے میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد اس ماحول کو ختم کرنے کی سمت میں ایک خوش آئندپہل ہے۔


Share: