مینگلورو، 13/ اگست (ایس او نیوز) تھوکٹو کے پاس کار اور اسکوٹر کے درمیان پیش آئے المناک سڑک حادثے میں ایک باپ جاں بحق اور بیٹا شدید زخمی ہوگیا ۔
فوت ہونے والے شخص کا نام عباس (58 سال) بتایا جاتا ہے جو آلے کلا کا رہنے والا تھا ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب عباس اور اس کا بیٹا نوشاد اسکوٹر پر سوار ہو کر ڈیرلکٹَے کی طرف جا رہے تھے ۔ اس دوران چمبو گڈے کے پاس ایک کار نے ان کی اسکوٹر کو زور سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا اچھل کر سڑک پر گر گئے ۔ اسکوٹر چلانے والا نوشاد اور پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا عباس دونوں شدید زخمی ہوگئے ۔
زخمیوں کو جب اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو عباس نے راستے ہی دم توڑ دیا ۔ نوشاد ڈیرلکٹے کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہے ۔
مینگلورو ساوتھ ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کر لیا ہے ۔