منگلورو ،22 ؍دسمبر (ایس او نیوز) موڈبیدری کے آلواس تعلیمی ادارے کے اشتراک سے منعقد کیے گئے بھارت اسکاوٹس اینڈ گائڈس کے انٹرنیشنل کلچرل جمبوری کا شاندار افتتاح کرناٹکا کے گورنر تھور چند گہلوت کے ہاتھوں عمل آیا ۔
گورنر نے اسکاوٹس اینڈ گائڈس کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سماجی اقدار کے ساتھ عالم انسانیت کے امن و امان اور ترقی و فلاح کے لئے خدمات انجام دینے کی سوچ اپنانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم ترین کردار ہوتا ہے ۔ اس لئے انہیں اپنے اور اپنے خاندان کے مفادات سے زیادہ اپنے ملک کا مفاد عزیز ہونا چاہیے ۔ بھارت اسکاوٹس اینڈ گائڈس کے ذریعہ اس طرح کا بین الاقوامی ثقافتی میلہ جو منعقد کیا گیا ہے اس سے نوجوان نسل کو ملک کے ذمہ دار شہری بنانے کا اہم رول ادا کیا جا رہا ہے ۔
موڈبیدری میں آلواس ودیا گیری کے احاطہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دھرمستھلا کے دھرم ادھیکاری ڈاکٹر ویریندرا ہیگڈے نے کہا کہ 7 دنوں تک چلنے والے اس بین الاقوامی میلہ کی وجہ سے دنیا کے مختلف مقامات سے آئے ہوئے نوجوانوں کو ہندوستان کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا ۔
معلوم ہوا ہے کہ اس 7 دن کے بین الاقوامی میلہ میں ملک اور بیرون ملک سے 50 ہزار اسکاوٹس اینڈ گائڈس، رینجرس، روورس وغیرہ شرکت کریں گے ۔ اس میں 10 ہزار ٹرینرس، 3 ہزار کلا کار اور 3 ہزار رضا کار شامل رہیں گے ۔
اس موقع پر ملک و بیرون ملک کے فنکاروں کی طرف سے مختلف ثقافتی جھلکیوں کے ساتھ ایک خوبصورت ریلی بھی نکالی گئی جو شائقین کے لئے دلچسپی کا باعث بنی ۔ ثقافتی میلہ کے مقام پر بھارت اسکاوٹس اینڈ گائڈس کی کثیر تعداد موجود تھی جن کے نیلے اور سفید یونیفارم کی وجہ سے پورا میدان ایک خوبصورت نیلے سفید سمندر کا نظارہ پیش کر رہا تھا ۔