میرٹھ، 26؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں سی اے اے(شہریت ترمیمی قانون)کو لیکر احتجاج کرنے والوں کے خلاف پہلی سزا دینے کا فیصلہ آیا ہے- میرٹھ ٹریبونل نے سماعت کے دوران86ملزمان کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا قصوروار ٹھہرایا- ٹریبونل نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں 4.27لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے-واضح رہے کہ یہ معاملہ امروہہ میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو پہنچے نقصان کا ہے-امروہہ میں تقریباً3سال قبل احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا معاملہ سامنے آیا تھا- اترپردیش پبلک اور پرائیویٹ پراپرٹی ڈیمیج ریکوری کلیمز ٹریبونل کورٹ نے میرٹھ میں یہ فیصلہ سنایا ہے-دسمبر2019میں امروہہ میں سی اے اے کے حوالے سے شدید احتجاج ہوا تھا، جس کے دوران سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا - اس معاملے میں مقدمہ نمبر814/19قائم کیا گیا تھا، جس میں متعدد افراد کو ملزم بنایا گیا تھا- ریکوری کے لئے پولیس نے کلیمز ٹریبونل، میرٹھ میں اپیل کی تھی، دونوں فریقوں کو سننے کے بعد عدالت نے86افراد کو ملزم مانتے ہوئے ریکوری کا حکم دیا ہے- عدالت کے فیصلے کے مطابق86ملزمان سے 427439روپے وصول کیے جائیں گے، جس میں ہر ایک کو4971روپے کا جرمانہ ہر شخص سے لیا جائیگا-اگر کوئی ملزم یہ جرمانہ 30دن کے اندر جمع نہ کرا سکے تو اس کے بعد 6فیصد سود کے ساتھ وصولی کی کل رقم جمع کرائی جائے گی- تاہم ان 86ملزمان میں سے 3ملزمان ایسے ہیں جن کا کوئی پتا معلوم نہیں ہے- ایسے میں ان تینوں ملزمان کے پوسٹر پرنٹ کرکے چسپاں کرنے کو کہا گیا ہے تاکہ ان کے بارے میں معلومات اکٹھی کرکے ریکوری کی جاسکے-