جموں 25مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایکزیکیوٹیو رکن اور جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی او ر پاکستانی قیادت سے ایک دوسرے پرحملہ یادیگراقدامات سے احتراز کرتے ہوئے مل بیٹھ کر تمام مسائل کاحل نکالنے کی اپیل کی پروفیسربھیم سنگھ نے کہاکہ ہندستان اورپاکستان کایکساں کلچر، تہذیب اورورثہ ہے اور یہ دونوں ملک برطانوی حکمرانوں کے جانے تک1947تک ایک ہی ملک تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان اورپاکستان کی آج کی قیادت لوگوں کی فلاح وبہبودسے زیادہ طاقت کے مظاہرے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ہندستان کے ہر کونے اور پاکستان کے بیشتر علاقوں کا دورہ کیا ہے جس کے دوران میں نے ان دونوں ممالک کے عوام کے کلچر، زبان اور یہاں تک کہ ان کے رویہ میں کوئی فرق نہیں پایا۔ انہوں نے پاکستان کے لوگ بھی اسی طرح پیارمحبت پیش سے آنے والے ہیں جس طرح کے ہندستان کے لوگ اور وہ بھی بھائی چارہ اور امن کو پسند کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی فوج سے بھی پاکستانی امور کی ذمہ داری پاکستانی پارلیمنٹ کو سونپنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ فوج اپنی آئینی ذمہ داریوں اور فرائض کو انجام دے۔سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستانی وکلاء برادری، سیاسی جماعتوں اور دانشوروں سے مل بیٹھ کر ہندستان کے ساتھ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نکالنے کی اپیل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے کوئی نہ کوئی اچھا نتیجہ ضرور نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جسے بات چیت سے حل نہ کیا جاسکے۔