ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: اُترکنڑا کے انچارج وزیر ویدیا نے IRB کے دعووں کا کیا پردہ فاش : کہا؛ 75 فیصد ہائی وے فور لین کا کام مکمل کئے جانے کا دعویٰ جھوٹا

بھٹکل: اُترکنڑا کے انچارج وزیر ویدیا نے IRB کے دعووں کا کیا پردہ فاش : کہا؛ 75 فیصد ہائی وے فور لین کا کام مکمل کئے جانے کا دعویٰ جھوٹا

Mon, 21 Aug 2023 13:40:47    S.O. News Service

بھٹکل 21/اگست (ایس او نیوز): اُترا کنڑ میں 75  فیصد  نیشنل ہائی وے  فورلین کا کام مکمل ہونے کا IRB کا دعویٰ جھوٹا ہے، کیونکہ ہائی وے پر  بہت سے پل یک طرفہ ہیں، اور کئی جگہوں پر سڑک کے کام ادھورے پڑے ہیں۔ یہ بات اترا کنڑ ضلع کے انچارج وزیر منکال ویدیا نے کہی۔

صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے زور دے کر کہا کہ نیشنل ہائی وے فور لین کنٹریکٹ  کمپنی، IRB نے  غلط معلومات دی تھی ، انہوں نے کہا تھا کہ 75 فیصد کام مکمل ہونے پر ہی ٹول فیس  وصول کی جارہی ہے۔

بتاتے چلیں کہ منکال وئیدیا نے  ضلع کے ڈپٹی کمشنر  کے ذریعے کاروار کے  ماجالی سے بھٹکل کے گورٹے  تک ہائی وے کا سروے کرایا تھا، اس سروے کو لے کر منکال وئیدیا نے بتایا کہ اُنہیں اِس سروے کی رپورٹ مل گئی ہے، جس سے  اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ آئی آر بی کمپنی جھوٹ کہہ رہی ہے کہ  75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ منکال وئیدیا نے بتایا کہ ٹول وصول کا کام گذشتہ تین سالوں سے جاری ہے، حالانکہ اُس وقت غالباً پچاس فیصد کام بھی مکمل نہیں ہوا تھا۔

وزیر منکال ویدیا نے اس بات پر زور دیا کہ بہت سے مقامات  پر ہائی وے  پر سواریوں کو صرف  ایک  ہی پُل پر سے آنے اور جانے کی سہولت ہے، کئی علاقوں میں سڑکیں دُرست نہیں ہیں،   بھٹکل، کائیکنی  اور انکولہ میں  ہائی وے کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ وزیر ویدیا نے  IRB کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے دعووں کی تائید کے لیے ثبوت فراہم کرے۔

منکال وئیدیا نے کہا کہ آئی آر بی جس بات کا دعویٰ کررہی ہے کہ ہائی وے فورلین کا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، ایسی کوئی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کے پاس بھی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر کے ذریعے  سروے  کے بعد مرتب کردہ رپورٹ آئی آر بی کے دعووں کا پردہ فاش کرتی ہے  اور اس رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ کتنا کام ہوا ہے اور کون کونسا کام باقی ہے۔ وزیر ویدیا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ  وہ ضلع کے  باشندوں کے ساتھ کسی بھی  قسم کی ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے۔

منکال نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جاری کام کی خستہ حالی کے باعث متعدد حادثات رونما ہوچکے ہیں اور سینکڑوں جانیں جاچکی ہیں، افسوس اس بات کا بھی ہے کہ تین سال سے ٹول وصولی  کے باوجود سسٹم کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔ 

منکال وئیدیا نے کہا کہ  کاروار کی لندن بریج  کے قریب واقع  ٹنل  کے اندر  بارش کے دوران جب پانی رسنا شروع ہوا تو ہم نے  ٹنل کی فٹنس سرٹی فیکٹ طلب کی،  جب آئی آر بی کمپنی  ٹنل کی فٹنس سرٹی فیکٹ پیش نہیں کرسکی تو ہم نے  ٹنل کو بند کردیا اوراگلے روز ٹول وصول بھی روک دی، مگر ٹول کو روکتے ہی آئی آر بی نے   فوری فٹنس سرٹی فیکٹ حاصل کرکے پیش کردیا۔ اسی بات سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ آئی آر بی  اپنے دعووں میں کتنی  صحیح ہے۔

منکال نے کہا کہ ہم IRB کی پیشرفت کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اورکام کی فوری درستگی کی توقع رکھتے ہیں اسی کے ساتھ  منکال  ویدیا نے خبردار کیا کہ اگر اگلے چند دنوں میں اصلاحی اقدامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہمیں احتجاج پر اُترنا پڑے گا۔

Bhatkal: Minister Vaidya Exposes IRB: 75% NH four lane work completion claim refuted by official survey


Share: