اُڈپی ضلع میں اس مرتبہ 2مرحلوں میں پارلیمانی انتخابات
اُڈپی،23؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست میں جن 28؍حلقوں کیلئے انتخابات ہونے جارہے ہیں ان میں 14؍حلقوں میں دوسرے مرحلہ میں 18؍ اپریل کو تیسرے مرحلہ میں مزید 14حلقوں میں 23؍ اپریل کو پولنگ ہونے والی ہے۔ لیکن اُڈپی کو اس مرتبہ یہ خصوصیت حاصل ہے کہ اس ضلع کے اسمبلی حلقوں کو دو الگ الگ پارلیمانی حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ چند اسمبلی حلقے ایسے ہیں جہاں 18؍ اپریل کو پولنگ ہو گی جبکہ دوسرے چند حلقوں میں 23؍ اپریل کو پولنگ ہونے والی ہے۔
اس طرح جہاں ریاست کے دیگر تمام اضلاع میں پولنگ کسی ایک ہی دن ہونے والی ہے وہیں اُدپی ضلع میں دو مرحلوں میں پارلیمانی حلقہ میں پولنگ ہوگی جبکہ شیموگہ پارلیمانی حلقہ میں 23؍ اپریل کو پولنگ ہوگی۔ اُڈپی ضلع کے چند اسمبلی حلقے چکمگلور میں اور چند حلقہ شیموگہ پارلیمانی حلقہ میں شامل کئے گئے ہیں۔
2018ء میں پارلیمانی حلقوں کی ازسر نو حد بندی کے دوران اُڈپی ضلع میں آنے والے بیندور اسمبلی حلقہ کو شیموگہ پارلیمانی حلقہ میں شامل کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں اس ضلع میں پہلی بار اب دو مرحلوں میں انتخابات ہونگے۔ اُڈپی ضلع انتظامیہ کو اب پہلے مرحلہ کے علاوہ دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے انتظامات کرنے پڑرہے ہیں۔ ریاست کے چند دیگر اضلاع میں بھی کئی ایک اسمبلی حلقہ دو پارلیمانی حلقوں میں بٹے ہوئے ہیں لیکن اضلاع میں ایک ہی مرحلہ کی پولنگ ہوگی۔
اُڈپی ۔چکمگلور پارلیمانی حلقہ کیلئے اڈپی کے ڈپٹی کمشنر الیکشن افسر ہیں۔ جبکہ بیندور اسمبلی حلقہ شیموگہ پارلیمانی حلقہ میں شامل ہونے سے اس حلقہ کیلئے شیموگہ کے ضلع دپٹی کمشنر انچارج ہیں۔ اس ضلع کے بیندور اسمبلی حلقہ میں اُڈپی ضلع انچارج کی ذمہ داریاں 23؍ اپریل تک بھی جاری رہے گی۔