بھٹکل سے منگلورو جانے والی سرکاری والوو بس انجن میں آگ۔ کوئی جانی و مالی نقصان نہیں
اڈپی 19؍اکتوبر(ایس او نیوز) بھٹکل سے منگلورو جانے والی کے ایس آر ٹی سی والوو بس انجن میں اچانک آگ لگنے کی اطلاع سے مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی، جنہیں فوری طور پر بس سے اُتار کر دوسری بس کے ذریعے سفر مکمل کروایا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جیسے ہی والوئو بس اڈپی سٹی بس اسٹائنڈ کے قریب پہنچی، لوگوں نے دیکھا کہ بس کے پچھلے حصے میں آگ لگی ہے اور انجن والی جگہ سے دھواں اُٹھ رہا ہے۔ آگ اور دھواں نکلتے دیکھ کر علاقے میں موجود لوگوں نے ڈرائیورکو جانکاری دی اور خود آگے بڑھ کر پانی کے ذریعے آگ بجھائی۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر بحفاظت گاڑی سے باہرنکل آئے اور کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ اس وقت بس کے اندر15 مسافر سفر کررہے تھے، جنہیں دوسری بس کے ذریعے منگلورو کی طرف روانہ کردیا گیا ۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوئی ہے۔ بس کو جانچ کے لئے کے ایس آر ٹی سی بس ڈپو میں لے جایا گیا ہے۔