کاروار14/جولائی (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے یلاپور تعلقہ میں چلتی بائک پر ایک گھنا درخت گرنے کے نتیجے میں بائک پر سوار دونوں لوگوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ آج سنیچر شام کو پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق انکولہ تعلقہ کے کنکن ہلّی دیہات کے سبھاش چپکر (50) اور ناگراج سلگائونکر (25) یلاپور سے انکولہ جارہے تھے کہ طوفانی ہوائوں کے ساتھ ہورہی بارش کے دوران اچانک ایک درخت جڑ سے اُکھڑ کر سیدھے ان کی بائک پر گر گیا۔
درخت کی زد میں آنے کی وجہ سے دونوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولس جائے وقوع پر پہنچی اور درخت کو کاٹ کر الگ کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔
یلاپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔