سی پی آئی ایم کے دفتر میں آگ لگانے والے 3ملزمین پولیس حراست میں
الال 27؍فروری (ایس او نیوز) تھوکٹو میں واقع سی پی آئی ایم کے دفتر میں آگ لگانے والے تین شرپسندوں کو الال پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیے گئے ملزمین کے نام دکشیت (۲۸سال)، ڈی کے رکشیت (۲۳سال) اور بینّی آر (۲۲ سال) ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ملزمین دکشیت اور رکشیت کے خلاف الال پولیس اسٹیشن میں پہلے ہی سے کئی معاملات درج ہیں۔اس میں لیانسی نامی ایک شخص کے قتل کی کوشش کا کیس بھی شامل ہے۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجیانن کی منگلورو فرقہ وارانہ ہم آہنگی ریالی میں شرکت کے خلاف شدت پسند ہندو تنظیم کی مخالفت کے پس منظر میں سی پی آئی کے دفتر میں آتشزنی کا واقعہ پیش آیا تھا۔جس میں بینرس اور فلیکس بنٹنگس وغیرہ جلادئے گئے تھے۔اس معاملے میں سات لوگوں پر کیس درج کیا گیا ہے ۔ اب بقیہ چار ملزمین کی تلاش جاری ہے۔