کاروار 2/ڈسمبر (ایس او نیوز) ایکسٹرا کلاس کا بہانہ بناکر اپنے دوستوں کے ساتھ قریبی ندی میں تیرنے کے دوران ایک طالب العلم ندی میں ہی ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت کاروار تعلقہ کے کڈواڑ کے رہنے والے وشال مانجریکر (17) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وشال بیس دوستوں پر مشتمل ایک گروپ کے ساتھ گھروالوں سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ اُسے کالج میں ایکسٹرا کلاس ہے، پھر سبھی دوست کاروار تعلقہ کے گویر دیہات میں واقع ایک ندی میں تیرنے کے لئے اُتر گئے۔ اس دوران وشال ندی میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا تو دیگر دوستوں کے ہاتھ پیر کانپنے لگے۔ انہوں نے گھروالوں کو واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے پولس کو بھی واقعے سے مطلع کرایا۔
اطلاع ملتے ہی پولس موقع واردات پر پہنچی، ندی میں کافی تلاشی کے بعد وشال کی نعش برآمد کرلی گئی۔
کدرا پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش گھروالوں کے حوالے کی گئی ہے۔