کاپ:حضورؐ کے خلاف ہتک آمیز تبصرہ کرنے والے شخص کے خلاف کیس درج
کاپ10؍دسمبر (ایس او نیوز) سوشیل میڈیا پر حضوراکرمؐ کے خلاف ہتک آمیز تبصرہ پوسٹ کرنے پر ششی کانت پجاری نامی ایک شخص کے خلاف شیروا پولیس اسٹیشن میں کیس درج کردیا گیا ہے جس کے بعد ملزم اپنے گاؤں سے فرار ہوگیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ششی کانت پجاری پاڈوبیلے کا رہنے والا ہے۔اس نے محمد ناصر نامی ایک شخص کی فیس بک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے حضورؐ انتہائی گندی زبان کا استعمال کیا تھا، جس سے فرقہ وارانہ جذبات مشتعل ہورہے تھے۔ششی کانت کا یہ تبصرہ دیکھنے کے بعد کاپ کے شبیر عبدالقادر نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس کے خلاف شکایت درج کروائی۔آئی ٹی ایکٹ کے علاوہ انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 505 (2) کے تحت ملزم کے خلاف کیس درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے اور مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے ۔