منگلورو:دلتوں کو زمین منظور کرنے کے مسئلے پرڈی سی کی میٹنگ میں ہنگامہ
منگلورو3؍اگست (ایس او نیوز)پچھڑے طبقات کے مسائل حل کرنے کے لئے ضلع جنوبی کینرا کے ڈپٹی کشنرکی جانب سے بلائی میٹنگ دلت لیڈروں کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگئی اور دلت لیڈروں کے رویے سے ناراض ہوکر ڈی سی ڈاکٹر کے جی جگدیش میٹنگ درمیان میں ہی چھوڑ کر باہر چلے گئے۔
دلتوں کوفوری طور پر زمینیں منظورکرنے کے مسئلے پر دلت لیڈروں نے ڈپٹی کمشنر پرجب بہت زیادہ دباؤ بنانا شروع کیا اور ڈی سی کی طرف سے کوئی بھی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہوئے تو شور شرابے کے دوران ڈی سی نے اپنی صدارت میں چل رہی میٹنگ کو درمیان میں ختم کرنے کا حکم دیگر افسران کو دیتے ہوئے باہر کا رخ اختیار کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ ادھوری چھوڑ کر ڈی سی کے چلے جانے کے بعد وہا ں پر موجود دلت لیڈروں میں دو گروپ ہوگئے۔ ایک گروپ نے ڈی سی کے خلاف الزامات کی جھڑی لگائی تو دوسرے گروپ نے ڈی سی کی حمایت میں آواز اٹھانا شروع ہوگیا۔ اس وجہ سے ان دو گروہوں میں زبانی تکرار ہونے لگی تو وہاں پر موجودڈپٹی پولیس کمشنر ہنومنت رائے نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاج پر آمادہ گروہ کو میٹنگ ہال سے باہر بھیج دیا۔اس دوران برہم دلت لیڈران نے ڈی سی کے اس طرح میٹنگ سے چلے جانے پر ان کے خلاف نعرے بازی کی اور ڈپٹی کمشنرکے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھ گئے۔