بھٹکل:2/ اکتوبر (ایس اؤنیوز) ترقی پسندی کے غلغلے کے دوران ادب پسند نوجوان اور عوام کے ذہنوں میں اسلامی ادب کی فکر پیدا کرتے ہوئے عالمی سطح پر تعمیری ادب میں اپنی پہچان بنانے والے ’ادارہ ادب اسلامی ہند ‘ کے کل ہند صدر کے عہدے پر بھٹکل انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر کے صدرشعبہ اردو ، نقاد ، ادیب ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی کو متفقہ طورپر منتخب ہونے پر ادارہ ادبِ اسلامی ہند بھٹکل اور جماعت اسلامی ہند بھٹکل کی طرف سے گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی گئی ۔
اتوار کو سلطان اسٹریٹ کے دعوت سنٹر میں منعقدہ تہنیتی پروگرام میں ادارہ ادب اسلامی ہند کرناٹکا کے سابق صدر ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ حال ہی میں دہلی میں منعقدہ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں آئندہ چار سالہ میعاد کے لئے ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی کا انتخاب عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹر عثمانی کی بے لوث اور مخلصانہ ادبی خدمات ہیں ، فکری و نظریاتی طورپر اسلامی ادب کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تہنیت قبول کرنےکے بعد اپنےمختصر خطاب میں ڈاکٹر شاہ رشاد عثمانی نے ادارہ ادب اسلامی ہند کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئےاسلامی ادبی تحریک کے نشیب و فراز بیان کئے۔بطور صدر اپنی ترجیحات کو پیش کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ کا ترجمان ’’پیش رفت ‘‘جن فکری بلندیوں اور وسیع المشربی سے جاری و ساری ہے اس میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے اداریوں کی جو مستحکم روایت ہے اس کو عام کرنا ہے۔ جدید زمانے میں نوجوانوں کی ادب سے دوری کو قربت میں بدلتے ہوئے انہیں اسلامی ادب کے کارواں میں شریک کرناہے ، اسی طرح علاقائی اور ریاستی زبانوں میں ادب اسلامی کی فکر کو پیش کرنے کے لئے مختلف منصوبہ جات کو تشکیل دینےکی بات کہی۔ رشاد عثمانی نے کہاکہ ایک اہم ذمہ داری کندھوں پر ڈالی گئی ہے اللہ تعالیٰ کی رحمت خاص سے اس کام کو انجام دیناہے ، ملکی سطح پر اسلامی ادب کے کارواں کو انقلابی شکل دینے کے لئے تحریکی افراد کے تعاون کی اشد ضرورت ہونے کی بات کہتے ہوئے دعاوؤں کی درخواست کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ 25سالوں کے زائد عرصے سے وہ انجمن ڈگری کالج بھٹکل میں بحیثیت پروفیسر اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں، اسلامی ادب کی فکر و نظر کومحور مان کر مختلف موضوعات پر درجن بھر کتابوں کے مصنف ہیں۔ خاص کر ’ادب کا اسلامی تناظر‘تنقیدی مضامین پر مشتمل تصنیف آپ کو عالمی شہرت پر پہنچایا اور یہی آپ کی شناخت بن گئی ۔
جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے آپ کی تہنیت کی ۔ اس موقع پر ادب اسلامی ہند بھٹکل کے صدر قادر میراں پٹیل ، سکریٹری ، ابرار الحق خطیبی ،جناب عبدالقادر باشاہ رکن الدین ، مولانا ایس ایم سید زبیراور سید اشرف برماور وغیرہ موجود تھے۔