مینگلور کے قریب بنٹوال میں لیڈی ٹریفک سب انسپکٹر کی تذلیل کے الزام میں 5نوجوان گرفتار۔ ملزمین کی کار ضبط
مینگلور 22؍اکتوبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب 25کلو میٹر بنٹوال تعلقہ کے بی سی روڈ کے نارائن گرو سرکل پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی ایک خاتون ٹریفک پولیس سب انسپکٹرکی تذلیل کرنے اور اس کے فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام میں ٹریفک پولیس نے پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شیشوں پر کالی اسکرین چڑھی ہوئی ایک کار میں وکیش(27سال)، جتیش (31سال)، آسٹین (23سال)، آروین (21سال) اور آلڈرین (18سال) سفر کررہے تھے۔ ڈیوٹی پر تعینات خاتون ٹریفک ایس آئی منجولا کے ایم کی بات مانیں تو انہوں نے رجسٹریشن نمبر KA 19 MF 4249والی اس کار کو روکا اور غیر قانونی طور پر شیشے پر کالی اسکرین لگانے کے علاوہ ڈرائیور کے سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر چالان کرنے کی کوشش کی جس پر کار میں موجود ان پانچوں افراد نے ایس آئی منجولا کے ساتھ بدتمیزی سے بات کی اور اس کی تذلیل کرنے پر اتر آئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایس آئی کو اپنی ذمہ داری انجام دینے سے روکنے کی کوشش کی۔جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 149,147,353اور504کے تحت کیس درج کرکے پانچوں ملزمین کوگرفتار کرلیا اورکار بھی ضبط کرلی۔