شمالی کینرا میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے لئے مرکزی وزیر نے دیا امدا دفراہم کرنے کا تیقن
کاروار 10/ جون (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں جدید سہولتوں والے ایک سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرنے کے لئے سوشیل میڈیا پر جو مہم چلائی جارہی ہے اس کا مثبت اثر سامنے آرہا ہے۔ اس مہم کی حمایت کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڈا نے تیقن دیا ہے کہ اس اسپتال کے قیام کے لئے وہ مرکزی حکومت سے مالی تعاون فراہم کروائیں گے۔
دوسری طرف ضلع کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے اور ضلع انچارج وزیر دیشپانڈے کی طرف سے تاحال کوئی بھی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جس سے عوام میں بے اطمینانی کی کیفیت پید اہوگئی ہے۔ریاستی وزیراعلیٰ اور طبی تعلیم کے وزیر نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے بات چیت کے بعد ضروری اقدام کرنے کا بھروسہ دیا ہے۔ضلع کے دیگر اراکین اسمبلی،سیاستدانوں اور ضلع کی اہم شخصیات نے بھی اس تجویز اور مطالبے کی پوری طرح حمایت کی ہے اورامید کی جارہی ہے کہ سوشیل میڈیا پر چلنے والی یہ مہم نتیجہ خیز ہوگی۔