کرایہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف اُڈپی میونسپالٹی کی کارروائی ۔ دکانوں کو لگایا گیا تالا
اُڈپی،27/ اکتوبر (ایس او نیوز) اُڈپی میونسپالٹی کی دکانوں کا کرایہ ادا نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان دکانوں پر تالا لگا دیا جو بڑی مدت سے میونسپالٹی کو کرایہ ادا نہیں کر رہے تھے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تالا بندی کی یہ کارروائی 25 اور26 اکتوبر کو انجام دی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ دکانداروں سے بقایا کرایہ کی رقم لاکھوں روپوں میں ہوتی ہے ۔ حالانکہ ایسی بہت ساری دکانیں ہیں ، مگر پہلے مرحلہ کے طور پر صرف ان دکانوں پر تالا بندی کی گئی جن کے کرایہ دار کووڈ سے پہلے والے عرصہ سے ہی کرایہ ادا نہیں کر رہے تھے اور کووڈ کے دور میں بھی ادا نہیں کیا تھا ۔ جن لوگوں نے کووڈ کے زمانے میں کرایہ باقی رکھا ہے ان پر ابھی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ ریوینیو انسپکٹر دھننجیا نے بتایا کہ جو لوگ کرایہ ادا نہیں کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس لئے میونسپالٹی کے تمام دکانداروں کو چاہیے کہ وقت پر کرایہ ادا کریں اور بقایا جات کا حساب بے باق کر لیں ۔