مینگلور: سورتکل کے غیر مستعمل ٹول گیٹ سے لاری کی ٹکر؛ ٹول گیٹ کا ڈھانچہ بنا ہے موٹر گاڑیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی
منگلورو 11/ دسمبر (ایس او نیوز) سورتکل کے پاس کچھ مہینے قبل بند کیے گئے ٹول پلازہ کا جو ڈھانچہ کھڑا ہے ، وہ آنے جانے والی موٹر گاڑیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بن گیا ہے۔ اس کا ثبوت اُس وقت سامنے آیا جب ایک بینگلورو سے آنے والا ترکاری کا ٹرک اس ڈھانچے سے ٹکرا گیا۔
اطلاع کے مطابق اتوار صبح کی اولین ساعتوں میں بینگلورو کا رہنے والا ہرشا نامی ڈرائیور ترکاری سے بھرا ہوا ٹرک اڈپی کی طرف لا رہا تھا جوNITK کے پاس موجود ٹول گیٹ کے غیر مستعمل ڈھانچے سے ٹکرا گیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہرشا بہت ہی تیز رفتاری اور بے پروائی سے ٹرک چلا رہا تھا جس کی وجہ سے ٹرک اور ڈھانچہ کے درمیان ٹکر کی وجہ سے ٹرک الٹ گیا اور ٹرک کے ساتھ ڈھانچے کو بھی اچھا خاصہ نقصان پہنچا ۔ مگر خوش قسمتی سے ڈرائیور کو بہت ہی معمولی چوٹ آئی ۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس غیر مستعمل ڈھانچے کی وجہ سے موٹر گاڑیوں کے لئے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے کیونکہ یہاں رات کے وقت مناسب روشنی نہیں ہوتی اور کسی بھی وقت یہاں حادثہ ہونے کے پورے امکانات پائے جاتے ہیں ۔ اب یہ جو حادثہ ہوا ہے اس کی وجہ سے ڈھانچے کے کھمبے ٹوٹنے کے قریب آ گئے ہیں اور وہ کسی بھی وقت کسی شخص یا گاڑی پر گرنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔ اس لئے عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران اور ضلع انتظامیہ کو اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہاں سے گزرنے والے افراد کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔