بنٹوال میں 12 دکانوں میں چوری کی وارداتیں - تین دکانوں سے لوٹے گئے 61 ہزار روپے
مینگلور 11 / دسمبر (ایس او نیوز) جنوبی کینرا کے بنٹوال میں بی سی روڈ کئیکمبا کے علاقے میں ایک چور نے 12 دکانوں میں وارداتیں انجام دینے کی کوشش کی اور تین دکانوں سے 61 ہزار روپے چرانے میں کامیاب ہوگیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سلسلہ وار چوری کی اس واردات میں سب سے بڑی رقم 52 ہزار روپے موبائل فون ریچارج دکان سے چرائے گئے جبکہ ایک ہوٹل سے 6 ہزار روپے اور ایک دوسری دکان سے 3 ہزار روپے چرائے گئے ۔ چور نے ایک کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر میں بھی گھسنے کی کوشش کی ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلمیٹ پہن کر موٹر بائک پر آنے والے اس چور نے سنیچر کی رات میں اس وقت یہ واردات انجام دی جب بارش ہو رہی تھی ۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔