بھٹکل 13/اپریل (ایس او نیوز) تعلقہ کے یلوڈی کوور پنچایت حدود کے بینندور میں سنیچر دوپہر پتھروں سےبھری ایک لاری اُلٹ جانے کے نتیجے میں لاری کے پچھلے حصے میں سوار مزدور کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت چوتنی کے رہنے والے مادیو نارائن نائک (46) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق بینندور میں منجوناتھ ماستپا نائک کے مکان کے قریب والے موڑ پر اچانک لاری پلٹ گئی جس کے نتیجے میں لاری کی پچھلے حصے پر لادے گئے تمام پتھر نیچے گرگئے، پتھروں کے ساتھ ہی مزدور بھی نیچے گر کر شدید زخمی ہوگیا، اسے فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال لے جانے کے لئے ایمبولنس سے نکلے ہی تھے کہ زخموں کی تاب نہ لاکر اُس نے دم توڑ دیا۔
لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنے کا معاملہ درج کرتے ہوئے پولس نے لاری ڈرائیور انپّا سومیا نائک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔مضافاتی پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔