چئیترا کنداپورا بی جے پی ٹکٹ فراڈ معاملہ میں 2 کروڑ روپے مالیت کی اشیاء ، 76 لاکھ روپے بازیافت - 8 ملزمین گرفتار

بینگلورو 22 / ستمبر (ایس او نیوز) بی جے پی سے اسمبلی ٹکٹ دلانے کے نام پر کٹر ہندوتوا وادی کارکن چئیترا کنداپورا کی طرف سے گووندا بابو نامی تاجر کے ساتھ کیا گیا جو 5 کروڑ روپے فراڈ کا معاملہ ہے اس تعلق سے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پولیس کمشنر بی دیانندا نے کہا کہ چئیترا کنداپور اس کے ساتھیوں کی تحویل سے سی سی بی پولیس نے 2 کروڑ روپے مالیت کی اشیاء کے علاوہ 76 لاکَھ روپے نقد وصول کیے گئے ہیں ۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ چئیترا کے ساتھی ملزم ابھینَو ہالاسری سوامی کے مٹھ سے 56 لاکھ روپے نقد ضبط کیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کے بعد سوامی سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص کے قبضے سے 20 لاکھ روپے ضبط کیے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں پولیس نے اب تک 8 ملزمین کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر 4 افراد کو تفتیش کے لئے نوٹس دی گئی ہے ۔ ان میں سے پرنَو پرساد نامی شخص نے پولیس کے پاس حاضر ہوکر تفتیش میں تعاون کیا ہے ۔ بقیہ افراد سے بھی پوری طرح تفتیش کرنے کے لئے سی سی بی پولیس تیار ہے ۔
بعض ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ابھینَو سوامی نے ایک شخص کو زرعی زمین کی لیز کے لئے 20 لاکھ روپے دئے تھے جو پولیس نے واپس حاصل کیے ہیں ۔ ملزمین کے بینک کھاتے ضبط کر دئے گئے ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ سی سی بی پولیس میسورو کے کانگریسی لیڈر ایم لکشمن کو بھی نوٹس جاری کرنے والی ہے جس نے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی ایم ایل اے ٹکٹ فراڈ میں چئیترا کنداپورا نے جو دھوکہ دہی کی ہے وہ 185 کروڑ روپے کی ہے ۔ چئیترا نے بی جے پی ٹکٹ کے 17 خواہشمندوں کو دھوکہ ہے ۔ اس نے پارٹی سے 23 ٹکٹ حاصل کرکے خوب پیسے کمائے ہیں ۔
اس کانگریسی لیڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ چئیترا کنداپورا کا براہ راست رابطہ تھا ۔ خیال رہے کہ گووندا بابو پوجاری دھوکہ دہی معاملے میں اپنی گرفتاری کے فوراً بعد چئیترا کنداپورا نے بھی اخباری نمائندوں کے سامنے کھلے عام یہ کہا تھا کہ ہالاسری سوامی کو گرفتار ہونے دو، اس کے بعد بڑے بڑے نام سامنے آئیں گے ۔