بیندور،28؍فروری (ایس او نیوز) اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیو کمار نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہوناور میں پریش میستا کی جو مشتبہ موت واقع ہوئی تھی اس کے پیچھے بی جے پی والوں کا ہی ہاتھ ہوسکتا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ وہ لوگ اس معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈی کے شیو کمار نے سوال کیا کہ میرے اوپر سی بی آئی تحقیقات سمیت کئی معاملے بڑی تیزی کے ساتھ داخل کرنے والے آخر پریش میستا کی تحقیقات میں کیوں ڈھیل برت رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران ساحلی علاقے میں ہونار کے پریش میستا کی مشتبہ موت کا معاملہ بہت زیادہ گونج اٹھا تھا۔ اس معاملے میں انصاف دلانے کے لئے سدارامیا کی قیادت والی کانگریسی ریاستی حکومت نے سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کی تھی۔ اب مرکز اور ریاست میں دونوں جگہ بی جے پی کی حکومت ہے۔ تو انہیں تحقیقات آگے بڑھانے میں کیا دشواری پیش آرہی ہے ؟