جنوبی کینرا کے ایس پی روی کانتے گوڈا کے ٹرانسفر کے بعدبی ایم لکشمی پرساد نے لیا چارج
منگلورو2؍جنوری(ایس او نیوز) جنوبی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر بی آر روی کانتے گوڈا کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ،فائر سروسس بنگلورو میں ٹرانسفر کیا گیا اور یکم جنوری سے ان کی جگہ پر بی ایم لکشمی پرساد آئی پی ایس نے سپرنٹنڈنٹ کا عہدہ سنبھالا ہے۔
بنیادی طور پرکارکلا کے رہنے والے لکشمی پرساد کے باپ دادا کدرے مکھ آئرن اورکمپنی میں ملازم تھے۔ لکشمی پرساد نے اسکولی تعلیم کدرے مکھ سنٹرل اسکول میں ہی پوری کی۔ انہوں نے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہیولیٹ پکارڈ(ایچ پی ) کمپنی میں سالانہ 11لاکھ روپے مشاہرے پر ملازمت اختیار کی۔ لیکن سماجی خدمات کے جذبے کے تحت یو پی ایس سی امتحان پاس کرلیا اور محکمہ پولیس سے وابستہ ہوگئے۔
جنوبی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ کے بطور ان کے تقرر سے قبل وہ ایس پی انٹرنل سیکیوریٹی ڈیویژن(سنٹر فار کاونٹر ٹیرورزم)بنگلورو میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جنوبی کینرا کے عوام تعلیم یافتہ ہیں اس لئے اگر عوام کا پورا تعاون ملا تو یہاں پر امن و امان اور خوشگوار ماحول بنائے رکھنا آسان ہو جائے گا۔ کہا جاتا ہے کہ باگلکوٹ میں اپنی تعیناتی کے دوران لکشمی پرساد نے ’ریت مافیا‘ کے خلاف سخت اقدامات کیے تھے۔ اس کے پیش نظر اب جنوبی کینرا میں موجود ’ریت مافیا‘ کے اندر بھی کپکپی پیدا ہونے کی بات سننے میں آرہی ہے۔