آگمبے میں ہوئے غیر اخلاقی پولیس گری معاملہ میں کاوپ پولیس نےدرج کیا 10 افراد کے خلاف کیس
اُڈپی، 24 / ستمبر (ایس او نیوز) آگمبے میں دو الگ الگ فرقوں سے تعلق رکھنے جوڑی کو روکنے اور ان کو ہراساں کرنے کے بعد سوشیل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل کرنے کے معاملہ میں کاوپ پولیس نے 10 افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ 22 اگست کو ایک لڑکا اور لڑکی جب آگمبے کے قریب سریمنے فالس کا نظارہ کرکے بائک پر واپس لوٹ رہے تھے تو نوجوانوں کی ٹولی نے ان کا راستہ روکا تھا ۔ پھر ان کو آڑے ہاتھوں لینے کا منظر ویڈیو کلپ میں ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں آگمبے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا ۔ پولیس نے لڑکا اور لڑکی دونوں کے والدین کو طلب کرکے پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ دونوں طرف کے لوگ ایک دوسرے کو بخوبی جانتے ہیں ۔ لہذا پولیس نے کسی قسم کا کیس داخل کیے بغیر ان لوگوں کو جانے دیا تھا ۔
لیکن اب ایک مہینے بعد اس جوڑی کو روکنے والی ٹولی نے سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو کلپ وائرل کردی ۔ جس کے بعد لڑکی کے بھائی نے کاوپ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کیس درج کر لیا اور اس معاملہ کو آگمبے پولیس اسٹیشن میں ٹرانسفر کردیا ۔ کاوپ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات آگمبے پولیس کی طرف سے کی جائے گی ۔