ہوناور : مسلم لیڈروں کی طرف سے عوامی خدمات کے لئے ویدیکے کا قیام - 22 نومبر کو ہوگا اجلاس
ہوناور ،20 ؍ نومبر (ایس او نیوز) ہوناور تعلقہ کے عوام کی شہری ضروریات پوری کرنے اور درپیش مسائل حل کرنے کے مقصد سے مسلم لیڈروں کی جانب سے "نمّا ہوناور اُلیسی - بیلیسی جنا پرا ویدیکے" (یعنی ہمارے ہوناور کو بچاو اور اس کو ترقی دو عوامی کمیٹی) کے نام سے ایک غیر سیاسی اور غیر مذہبی تنظیم کا قیام عمل میں آ رہا ہے ۔
ویدیکے کی طرف سے جاری کیے گئے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ 22/ نومبر کو صبح دس بجے ہوناور کے نامدھاری ہال میں ایک عظیم الشان اجلاس منعقد کیا جائے گا ، جس میں مندرجہ ذیل عوامی مسائل پر بحث و گفتگو اور فیصلے کیے جائیں گے :
1 ۔ ہوناور کو الگ سے اسمبلی حلقہ قرار دینا ۔
2 ۔ ہوناور میں فلائی اوور یا انڈر پاس تعمیر کرنا اور ہلدی پور سے اننت واڈی تک سروس روڈ تعمیر کرنا ۔
3 ۔ سرکاری اسپتال میں بلڈ بینک ، ٹراما سینٹر اور ملٹی اسپیشالٹی سہولتیں فراہم کرنا ۔
4 ۔ لینڈ ریفارم سے متعلق مسائل جلد سے جلد نپٹاتے ہوئے کسانوں کو راحت پہنچانا -
5 ۔ اڈپی ضلع میں ای - پراپرٹی قانون کا جس طرح اطلاق ہو رہا ہے اسی طرح ہمارے ضلع میں بھی اس پر عمل کرنا ۔
6 ۔ زمین کی کیفیت تبدیل کرنے کے اختیارات تحصیلدار کو تفویض کرنا ۔
7 ۔ کے ایس آر ٹی سی بس ڈپو منظور کرنا ۔
8 ۔ کاسرکوڈ میں ماہی گیروں کو درپیش مسائل حل کرتے ہوئے مستقل راحت فراہم کرنا ۔
9 ۔ تالگوپّا - ہوناور ریلوے لائن کو منظور کروانا ۔
پریس ریلیز میں اس بات کی بھی جانکاری دی گئی ہے کہ مسائل اور بحث اور گفتگو کے بعد دوپہر 12:30 بجے ایک ریلی نکالی جائے گی اور مطالبات پورے کرنے کے لئے ہوناور تحصیلدار کے توسط سے حکومت کو میمورنڈم پیش جائے گا ۔