ہلیال 18/جون (ایس او نیوز) ہلیال انجمن اسلام کے صدر اور کانگریس کے ضلع سکریٹری علیم رفیق احمد بسری کٹّے پر نامعلوم افراد کی جانب سے جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پیر کے روز علاقہ کے کثیرتعداد میں مسلمان انجمن کے دفتر میں جمع ہوئے اور پھر وہاں سے ایک ریالی نکالنے کے بعد منی ودھان سودھا پہنچ کر تحصیلدار ودیا دھر گلگولی کی معرفت ایم ایل سی گھوٹنیکر اور ڈی وائی ایس پی موہن پرساد کے نام میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق علیم بسری کٹے صاحب جب ضلع دھارواڑ کے الناور میں واقع اپنے دفتر کی طرف جارہے تھے تو کچھ اجنبی افرادنے ایک بولیرو کار میں ان کا پیچھا کیا اور ان پر جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش کی۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتا ر کیا جائے اور صدر انجمن اسلام علیم بسری کٹے کو پولیس کا تحفظ فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر انجمن ڈایریکٹرز امتیاز شیخ، حاجی لیاقت علی دلال، غوث ملا، رئیس کوٹھورو، سبحان ہبلی وغیرہ موجود تھے۔