ڈانڈیلی کے ایک شخص کی رپورٹ پہلے آئی پوزیٹیو۔ دوبارہ جانچ کرنے پر رپورٹ نکلی نگیٹیو۔ مریض کو کیا گیاکووڈ اسپتال سے ڈسچارج
بھٹکل 5/جون (ایس او نیوز) گزشتہ سنیچر کے دن محکمہ صحت کے ہیلتھ بلیٹین میں بتایا گیا تھا کہ ڈانڈیلی کے ایک 38سالہ مریض نمبر 2847 کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ڈانڈیلی کے گاندھی نگر میں رہنے والے اس شخص کو کاروار کے کووِڈ اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔پھر اس کے ابتدائی اور ثانوی رابطے میں آنے والے تمام افراد کی نشاندہی کرکے انہیں کوارنٹین کیا گیا تھا۔مگر جب اس شخص کے گلے سے تھوک کانمونہ کاروار کی لیباریٹری میں جانچ کیا گیا تو معلوم ہوا ہے کہ وہاں پر رپورٹ نگیٹو آئی تھی۔ لیکن محکمہ کی طرف سے باضابطہ اس کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ پھر منگل کے دن متاثرہ شخص کے بیٹے کی رپورٹ بھی نگیٹیو آئی تو اس مریض کو کاروار کے اسپتال سے ڈسچارج کرکے مزید دو دنوں کے لئے ڈانڈیلی کے ہی سرکاری اسپتال میں نگرانی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔اس کے رابطے والے جن افراد کو سرکاری طور پرمقرر کردہ کوارنٹین مرکز میں رکھا گیا تھا انہیں وہا ں سے نکال کر اپنے اپنے گھروں میں کوارنٹین رہنے کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ متاثرہ شخص سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے آنے سے قبل ڈانڈیلی میں غیر مجاز طریقے سے دوائی دینے والی ایک خاتون سے علاج کروانے کی بات سامنے آئی تھی اس لئے اس خاتون کو ہوم کوارنٹین کردیا گیا ہے۔ شہر کے عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ اس طرح غیر مجاز طریقے سے دوائیاں دے کر لوگوں کی جان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والی اس خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔