مینگلور کے قریب بنٹوال میں پہاڑی پر بھڑکی آگ بجھانے کی کوشش میں عمر رسیدہ میاں بیوی زندہ جل گئے
مینگلور 29 / جنوری (ایس او نیوز)مینگلور کے قریبی علاقہ بنٹوال تعلقہ کے لوریٹو میں پہاڑی پر سوکھی گھاس میں آگ بھڑکتی نظر آنے پر اسے بجھانے کے لئے پہنچے میاں بیوی زندہ جل کر ہلاک ہوگئے ۔
اس المناک حادثے کا شکار ہونے والے میاں بیوی کی شناخت کرسٹائن کارلو (70 سال) اور گلبرٹ کارلو (79 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ اتوار دوپہر کے وقت اس عمر رسیدہ جوڑے کے گھر کے قریب پہاڑی پر آگ بھڑکتی دکھائی دی ۔ اس آگ کو آس پاس کے علاقے میں پھیلنے سے روکنے کے لئے یہ دونوں میاں بیوی آگے بڑھے ۔ اسی دوران آگ نے انہیں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جب تک آس پاس کے لوگ فائر بریگیڈ کی مدد سے انہیں بچانے کے لئے پہنچتے دونوں جل کر خاک ہو چکے تھے ۔
بنٹوال پولیس کی افسران اور اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کیا ۔