سرسی کی ڈاکٹر مبارک النساء تونسے نے حاصل کی کینسر کے علاج میں سوپر اسپیشالٹی کی ڈگری
سرسی،یکم / جولائی (ایس او نیوز) سرسی کے معروف سماجی قائد جناب عباس تونسے کی دختر ڈاکٹر مبار ک النسا ء نے ایک لائق تحسین کارنامہ انجام دیتے ہوئے دوائی کے ذریعے کینسر کا علاج (میڈیکل آنکولوجی) کے شعبے میں خصوصی مہارت (سوپر اسپیشالٹی) کی تربیت مکمل کرتے ہوئے ڈی ایم کی ڈگری حاصل کی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ اپنی ماسٹرس ڈگری (ڈی ایم) کے امتحان میں ڈاکٹر مبارک النساء نے نہ صرف پہلا رینک بلکہ گولڈ میڈل بھی حاصل کرتے ہوئے ضلع شمالی کینرا کا نام روشن کیا ہے۔
معلوم ہواہے کہ مبارک النساء نے سرسی کے اندرا نگر میں واقع سرکاری کنڑا اسکول سے پرائمری تعلیم پائی پھر ’ایو ماریہ‘ ہائی اسکول سے سیکنڈری تعلیم مکمل کی۔ اگلی تعلیم ایم ای ایس کالج میں پوری کرنے کے بعد انہوں نے کستورباء میڈیکل کالج منی پال سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ اب انہوں نے ایم ایس رمیا میڈیکل کالج سے پوسٹ گریجویشن کی تعلیم پوری کرتے ہوئے راجیو گاندھی یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ امتحان میں شاندار کامیابی درج کی ہے۔ جس کی ستائش سماج کے ہرطبقے کی جانب سے کی جارہی ہے۔ خصوصی طور پر ملی اور سماجی اداروں کے ذمہ داروں نے ڈاکٹرمبارک النساء اور ان کے والدین کی خدمت میں ہدیہ تحسین پیش کیا ہے۔