بھٹکل یکم /جنوری (ایس او نیوز) منگلورو - مڈگاؤں کے بیچ شروع کی گئی وندے بھارت ٹرین کو بھٹکل اسٹیشن پر اسٹاپ دینے عوام کی طرف سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔
وندے بھارت سوپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین منگلورو اور کاروار کے درمیان صرف اڈپی میں رکتی ہے۔ جبکہ بھٹکل تعلقہ میں مرڈیشور سیاحتی مرکز ہونے کی وجہ سے یہاں بڑی تعداد میں مسافروں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اس کے باوجود وندے بھارت ٹرین کو بھٹکل یا مرڈیشور میں اسٹاپ نہیں دیا گیا ہے۔
بھٹکل کے سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ " کونکن ریلوے روٹ پر چلنے والی اس وندے بھارت ٹرین کے راستے میں منگلورو اور اڈپی کے درمیان محض 60 کلو میٹر اور کاروار - مڈگاؤں کے بیچ 65 کلومیٹر کا فاصلہ ہے ۔ جبکہ اڈپی اور کاروار کے درمیان کا فاصلہ 213 کلومیٹر ہے جس میں بھٹکل درمیان میں واقع ہے اور یہاں معروف سیاحتی مقام مرڈیشور بھی ہے۔
بھٹکل سے مینگلور اور کاروار سمیت مڈگاوں جانے اور وہاں سے بھٹکل آنے والوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے، اس وجہ سے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ بھٹکل میں اس ٹرین کا اسٹاپ دیا جائے۔