اڈپی : جعلسازی اور دھوکہ بازی معاملے میں تیز ہوئی تفتیش - چئیترا کنداپورا تعمیر کر رہی تھی دو منزلہ مکان
اڈپی، 17 / ستمبر (ایس او نیوز) اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے کٹر ہندوتوا وادی ایکٹیویسٹ کے طور پر پہچان بنانے والی چئیترا کنداپور کے دھوکہ دہی اور جعلسازی معاملہ میں سی سی بی پولیس نے اپنی تفتیش تیز کر دی ہے ۔
سی سی بی پولیس نے پتہ لگایا ہے کہ گوندا بابو پجاری کو بی جے پی سے اسمبلی ٹکٹ دلوانے کے نام پر دھوکے سے حاصل کی گئی رقم سے چئیترا نے کارکلا کے بائلور میں واقع کانجارو نامی علاقے میں دو ایکڑ زمین خریدی تھی جس پر اپنے دوست سریکانت نائیک کے نام پر ایک بڑا دو منزلہ مکان تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ فراڈ انجام دینے والی چئیترا کی ٹولی میں موجود سریکانت کی گرفتاری کے بعد تعمیر کا کام بیچ میں ہی روک دیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ سی سی بی پولیس نے اپنی کسٹڈی میں موجود چئیترا اور اس کے ساتھیوں کی فریب کاری کے سلسلے میں تفتیشی مہم کے دوران بیندور، کنداپور اور اڈپی میں کئی ٹھکانوں پر معائنہ کیا اور پوچھ تاچھ کی ۔ پولیس کا گمان ہے کہ ان دھوکے بازوں نے گووندا بابو سے حاصل کیے گیے کروڑوں روپوں سے زمین خریدنے کے علاوہ کئی سوسائٹیوں میں رقم ڈپازٹ/ٹرانسفر کی ہے ۔ اسی تعلق سے اس ٹولی میں شامل ملزم سریکانت نائیک کو لے کر پولیس اوپورو میں واقع سری راما کو آُپریٹیو سوسائٹی میں پہنچی اور وہاں رقم ڈپازٹ رکھنے کے سلسلے میں معلومات حاصل کی ۔ اس کے علاوہ پولیس کو اوپورو کے ایک بینک میں سریکانت کے نام پر بڑی رقم اور سونے زیورات موجود ہونے کا بھی شک ہے ۔