بھٹکل 10/اپریل (ایس او نیوز) قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کی کتابوں سے بھری بس ہبلی اور کاروار ہوتے ہوئے آج بھٹکل پہنچی، بس میں اُردو کتابوں کا ذخیرہ موجود ہے اور رعایتی داموں پر بھی کئی کتابیں دی جارہی ہیں۔لائبریری نما بس پر مختلف موضوعات پر کتابیں فروخت کے لئے رکھی گئی ہیں، تاریخی، ادبی، وفنی کتابوں سمیت کئی نایاب کتابیں بھی اس لائبریری میں دستیاب ہیں۔
بدھ صبح دس بجے جیسے ہی کتابوں سے بھری یہ وین بھٹکل نوائط کالونی پہنچی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے نو منتخب نائب صدر جناب عتیق الرحمن مُنیری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول کوبٹے ندوی سمیت کافی لوگوں نے وین کا استقبال کیا۔
فی الحال یہ لائبریری نما بس تنظیم جمعہ مسجد کے باہر پارک ہے جہاں عوام الناس اُردو کی مختلف کتابیں خرید سکتے ہیں۔ بھٹکل نیوز کے ایڈیٹر جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے بتایا کہ کل یعنی جمعرات شام تک یہ بس بھٹکل میں ہی رہے گی، بعد میں یہ بس کیرالہ کےلئے نکل جائے گی۔