بھٹکل 28/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور کے رہنے والے دو پریمیوں نے آج زہر پی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں لڑکا ہلاک ہوگیا، البتہ لڑکی کو نازک حالت میں اُڈپی لے جایا گیاہے۔
خودکشی کرنے کی یہ واردات ہوناور تعلقہ کے منکی پولس تھانہ حدود کے آننت واڑی سولیبیلے جنگل میں بدھ کی دوپہر کو پیش آئی۔
مرنے والے عاشق لڑکے کی شناخت مرڈیشور کی جنتا کالونی کے رہنے والے گگن ایشور نائک (27) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ اس کی معشوقہ کائیکنی گرام پنچایت حدود کے بیدرے منے کی رہنے والی سنگیتا مادیو نائک (24) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ دونوں بھٹکل سرکاری کالج سے فارغ بتائے گئے ہیں اور اس بات کی بھی خبر ملی ہے کہ گگن نے بی اے تک اور سنگیتا نے بی کام تک تعلیم حاصل کی تھی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بدھ کی دوپہر قریب ڈیڑھ بجے گگن نے اپنے ایک دوست کوفون کرکے خبر دی کہ وہ اور سنگیتا نے آننت واڑی جنگل میں زہر پی لیا ہے اور دونوں خودکشی کررہے ہیں۔ فوری ان کے دوست ان دونوں کو تلاش کرنے آننت واڑی کے لئے نکل پڑے، دو گھنٹوں کی مشقت کے بعد ان دونوں کا پتہ چل گیا، دوستوں نے آٹو رکشہ کی مدد سے ان دونوں کو سیدھے مرڈیشور آر این اسپتال لے گئے، مگر گگن نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں دم توڑ دیا، البتہ سنگیتا کو نازک حالت میں آر این ایس اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری اُڈپی لے جایا گیا جہاں اس کی حالت سدھرنے کی اطلاع ملی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ گگن اور سنگیتا ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گھروالوں کی مخالفت کو دیکھتے ہوئے ان دونوں نے ایک ساتھ خودکشی کرنے کی کوشش کی، البتہ خودکشی کی اصلی وجہ پولس کی چھان بین کے بعد ہی معلوم ہوسکتی ہے۔
اطلاع ملتے ہی منکی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور چھان بین شروع کی، موقع واردات سے پولس نے زہر کی شیشی برآمد کرلی ہے۔ مزید چھان بین جاری ہے۔
گگن کی نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد گھروالوں کے حوالے کردی گئی ہے۔
بھٹکل سمیت ضلع بھر میں خودکشی کی بڑھتی وارداتوں پر عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔