ڈپٹی کمشنروں کو بینگلورو ہائی کورٹ کی ہدایت : 600 کلو گرام سے زیادہ پٹاخے ذخیرہ کرنے کی اجازت نہ دی جائے
بینگلورو 14 / نومبر (ایس او نیوز) کرناٹکا ہائی کورٹ میں جسٹس ایم ناگ پرسنا کی بینچ نے ضلع ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ دکانداروں کو پٹاخے ذخیرہ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے پوری طرح محتاط رہیں اور 600 کلو گرام سے زیادہ پٹاخے جمع رکھنے کی اجازت بالکل نہ دیں ، کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی بڑے پیمانے پر آتشزدگی اور نقصان کا سبب بن سکتی ہے ۔
ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پٹاخے ذخیرہ کرنے کا ٹھکانہ رہائشی علاقے سے دور ہونا چاہیے ۔ فائر بریگیڈ اسٹیشن کی سہولت رہنی چاہیے ۔ جہاں پٹاخے ذخیرہ کیے جاتے ہیں وہاں پر پانی کی بالٹیاں دستیاب رہنی چاہیے ۔ جن دکانداروں کو پٹاخے ذخیرہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ان کے ٹھکانوں کا وقتاً فوقتاً افسران کو معائنہ کرنا چاہیے اور قواعد و ضوابط کی پابندی اور احتیاطی تدابیر کا معائنہ کرنا چاہیے ۔ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہونے کی صورت میں ایسے لائسنس یافتہ دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے ۔