سرسی میں بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظیم کے رابطے۔ میڈیا کی خبروں کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا افواہ۔ سخت کارروائی کی دی وارننگ
سرسی 3؍ستمبر (ایس او نیوز) الیکٹرانک اور سوشیل میڈیا سمیت بعض مقامی کنڑا اخبارات میں پچھلے دو تین دنوں سے یہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظیم جماعت المجاہدین (جے ایم بی )کے سرسی میں کچھ افراد سے رابطے نکل آئے ہیں ، جس کی وجہ سے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور تحقیقاتی ایجنسی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے افسران اس ضمن میں تحقیقات کے لئے سرسی پہنچ گئے ہیں ۔
لیکن ضلع شمالی کینرا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوا پرکاش دیوراج نے سرسی میں کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ سرگرمی یا رابطے کی باتوں کو بے بنیاد بتایا ہے اور کہا ہے کہ ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ انہوں نےپریس ریلیز کے ذریعے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے ایسی جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف پولیس کی طرف سے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔