بھٹکل 25/مارچ (ایس او نیوز) 20 مارچ سے ریاست کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحانات جاری ہیں، پہلے دن اولین زبان (فرسٹ لنگویج) امتحان میں تعلیمی ضلع کاروار کے جملہ 170 طلبا غیر حاضر رہے تھے، جبکہ آج پیر کو منعقدہ حساب (میتھس) امتحان میں ضلع بھر سے جملہ 206 طلبا غیر حاضر رہے ہیں۔ اس بات کی اطلاع کاروار کے ضلعی تعلیمی دفتر (ڈی ڈی پی آئی آفس) سے دی گئی ہے۔
آفسر نے بتایا کہ کاروارتعلیمی ضلع کے جملہ 38 امتحانی مراکز میں ہوئے حساب امتحان کے لئے 9656 طلبا (5036 لڑکے اور 4621 لڑکیاں) کو امتحان میں شریک ہونا تھا، مگر 9450 طلبا (4864 لڑکے اور 4586 لڑکیاں) شریک ہوئیں، اس طرح جملہ 206 اسٹوڈینٹس (171 لڑکے اور 35 لڑکیاں) غیر حاضر رہیں۔
بتایا گیا ہے کہ پانچ تعلقہ جات میں سے کاروار سے 108، انکولہ سے 39، کمٹہ سے 33، ہوناور سے 13 اور بھٹکل سے 13 اسٹوڈینٹس نے امتحانات نہیں دئے ہیں۔
خیال رہے کہ آج ایس ایس ایل سی کا دوسرا امتحان تھا، پہلے دن فرسٹ لنگویج امتحان میں کاروارتعلقہ سے 81، انکولہ سے 36، کمٹہ سے 27، ہوناور سے 13اور بھٹکل سے 13 طلبا غیر حاضر رہے تھے۔