ہونّاور، 7 جنوری (ایس او نیوز): تعلقہ کے گیرُوسوپّا–سُلّےمُرکی کراس کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آئے ایک ہولناک واقعے میں ایک کار آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے۔
واقعے میں کار اور اس کے اندر موجود دونوں افراد کی لاشیں مکمل طور پر جل کر ناقابلِ شناخت حالت میں پائی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کار درخت سے ٹکرا کر قریب واقع کھڈے میں جا گری ہوگی، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔
آگ کی شدت کے باعث کار کا نمبر پلیٹ بھی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے گاڑی کے رجسٹریشن کی تفصیلات حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ہونّاور پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچیں، آگ پر قابو پایا اور موقع کا معائنہ کیا۔
فی الحال پولیس کار اور جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے کارروائی کر رہی ہے اور واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی اصل وجہ اور پس منظر کا انکشاف تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔