نئی دہلی، یکم / جولائی (ایس او نیوز) کئی سال بعدمحکمہ ریلوے نے میل اور ایکسپریس ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کیا ہے، جو آج یعنی پیر سے نافذ ہو گیا ۔ نئی شرحوں کے مطابق اے سی ڈبوں کے کرایے میں ہر کلومیٹر پر 2 پیسے اور بغیر اے سی ڈبوں کے کرایے میں ہر کلومیٹر پر 1 پیسہ اضافہ کیا گیا ہے۔ 500 کلومیٹر تک کے عام دوسرے ڈبوں کے سفر کے کرایے کو جوں کا توں پرانی شرح پر ہی برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد کے ہر کلومیٹر پر آدھا پیسہ بڑھایا گیا ہے۔ اسی طرح عام فرسٹ کلاس اور ایگزیکٹو کلاس کے کرایے میں بھی فی کلومیٹر آدھا پیسہ اضافہ کیا گیا ہے۔
ترمیم شدہ کرایے پریمیئر اور خصوصی ٹرینوں جیسے راجدھانی، شتابدی، دورنتو، وندے بھارت، تیجس، ہم سفر، امرت بھارت، مہامانا، گتی مان، انتودیہ، جن شتابدی، یوا ایکسپریس، اے سی وسٹاڈوم کوچ، انبھوتی کوچ پر بھی نافذ ہوں گے، سوائے سب اربن ٹرینوں کے۔ ریلوے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 1 جولائی 2025 سے بک ہونے والے تمام ٹکٹوں پر نئی قیمتیں لاگو ہوں گی۔ تاہم، اس سے پہلے بک کیے گئے ٹکٹوں پر پرانی قیمت ہی قابلِ قبول ہوگی۔ PRS، UTS اور کاؤنٹر سسٹم کو اس کے مطابق اپڈیٹ کیا گیا ہے۔