بھٹکل، 21 اکتوبر (ایس او نیوز): پیر کی رات تقریباً نو بجے سے بھٹکل میں بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی چمک کے ساتھ شروع ہونے والی زوردار بارش کے بعد پورے شہر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی، جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے دوران بعض علاقوں میں درخت بجلی کے کھمبوں، تاروں اور مکانات پر گرنے کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں متاثرہ مکینوں کو بھی کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش شروع ہوتے ہی شہر میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، تاہم دیر رات کو مکمل طور پر سپلائی بند ہوگئی، اور عوام کو پوری رات اندھیرے اور مچھروں کی بھنبھناہٹ میں گزارنی پڑی۔
جبکہ علی الصباح بھٹکل ہیسکام کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ہوناور سے آنے والی 110 کے وی کی مین لائن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث بھٹکل کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ بھٹکل ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ نے وہاٹس ایپ پیغام کے ذریعے بتایا کہ کے پی ٹی سی ایل (KPTCL) حکام کے مطابق، بجلی کی فراہمی صبح 10 بجے تک بحال ہونے کا امکان ہے۔
دریں اثنا، غوثیہ اسٹریٹ میں ایک مکان پر ناریل کا درخت گرنے سے چھت کو نقصان پہنچنے کی اطلاع بھی ملی ہے.