ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں پولیس کی طرف سے ہیلمیٹ کے استعمال کے لئے بیداری مہم

بھٹکل میں پولیس کی طرف سے ہیلمیٹ کے استعمال کے لئے بیداری مہم

Tue, 07 Oct 2025 12:38:03    S O News
بھٹکل میں پولیس کی طرف سے  ہیلمیٹ کے استعمال کے لئے بیداری مہم

بھٹکل ، 7 اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون اور دیہی پولیس اسٹیشن کی طرف سے دو پیہ گاڑیوں کی سواری کے دوران ہیلمیٹ استعمال کرنے کے تعلق سے بیداری لانے کے مقصد سے ایک ریلی اور ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جسے بھٹکل کےتحصیلدار ناگیندرا کولشیٹی نے ہری جھنڈی دکھائی ۔ 
    
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحصیلدار نے کہا کہ ہر سال سڑک حادثوں میں جان گنوانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس پس منظر میں ہر شخص کو اپنی جان کی قیمت سمجھنا چاہیے اور ہیلمیٹ کا استعمال لازمی طور پر کرنا چاہِے ۔
    
انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے روک کر جرمانہ لگانے سے بہتر یہ ہے کہ عوام خود ہی قانون کی پابندی کریں ، اس سے سماج بھی محفوظ رہتا ہے ۔ اگر اپنے گھر کا کوئی فرد ہیلمیٹ کے بغیر گاڑی چلاتا ہے  تو اسے اس بارے میں متوجہ کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے ۔ 
    
ڈی ایس پی مہیش ایم کے نے کہا کہ "ہیلمیٹ نہ پہننے والوں کو روکنا اور جرمانہ عائد کرنا پولیس کا مقصد نہیں ہے بلکہ ہماری خواہش ہوتی ہے کہ لوگوں کی قیمتی جان بچ جائے ۔" انہوں نے مزید کہا کہ "کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت دینے والے والدین پر بھی جرمانہ لگایا جائے گا ۔"
    
ٹاون پولیس اسٹیشن کے سی پی آئی دیواکر نے کہا کہ حادثے میں اگر ہاتھ یا پاوں زخمی ہوتے ہیں تو زندگی گزاری جا سکتی ہے لیکن اگر سر پر چوٹ لگتی ہے تو پھر جان بچانا مشکل ہو جاتا ہے ۔ اس لئے ہیلمیٹ جان بچانے کا ایک خول ہوتا ہے ۔ 
    
دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر منجو ناتھ لنگا ریڈی نے کہا کہ " دو پہیہ گاڑیوں کےحادثوں میں اکثر  سر پر ہیلمیٹ نہ  پہننے والے جان سے چلے جاتے ہیں ۔ آپ لوگ کم از کم اپنے لئے اور آپ کے اپنوں کے لئے ہیلمیٹ لازمی طور پر پہنیں ۔"
    
اس کے بعد افسران نے عوام میں ہیلمیٹ کے تعلق سے بیداری لانے کے لئے شہر کے مختلف راستوں پر بائک ریلی نکالی ۔ اس موقع پر سب انسپکٹر نوین نائک،  تیمپّا موگیر، رن گوڈا پاٹل، بھرمپّا بیلگلی وغیرہ موجود تھے ۔ 


Share: